ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کیا انکولہ کا دورہ - جائے حادثے پر راحت کاری کا لیا جائزہ

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کیا انکولہ کا دورہ - جائے حادثے پر راحت کاری کا لیا جائزہ

Sun, 21 Jul 2024 18:43:41    S.O. News Service

انکولہ،  21 / جولائی (ایس او نیوز) تعلقہ کے شیرور میں چھ دن پہلے جہاں چٹان کھسکنے کا المناک حادثہ پیش آیا تھا، آج ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اس مقام کا دورہ کیا  اور وہاں چل رہی تلاشی مہم اور راحت کاری کا جائزہ لیا ۔
    
اس موقع پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیرور میں پہاڑی چٹان کھسکنے کے نتیجے میں دس افراد لا پتہ ہوئے ہیں ۔ ان میں 7 لوگوں کی لاشیں بازیافت کی جا چکی ہیں۔   وزیراعلیٰ نے کہا کہ  لینڈ سلائیڈنگ میں   کچھ موٹر گاڑیاں بھی لاپتہ ہوگئی ہیں ۔ ضلع انتظامیہ اور رکن اسمبلی کو تیزی کے ساتھ ریسکیو آپریشن چلانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
     
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ 44 اراکین پر مشتمل اسٹیٹ ڈیسیاسٹر ریسپاونس فورس، نیشنل ڈیسیاسٹر ریسپانس فورس 24 اراکین کی ٹیم اور 44 آرمی کے جوان راحت کاری اور تلاشی مہم میں حصہ لینے کے لئے پہنچ گئے ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ اسمبلی سیشن جاری رہنے کی وجہ سے وہ فوراً یہاں پہنچ نہیں سکے تھے ، مگر انہوں نے حادثہ پیش آتے ہی ضلع انچارج وزیر کو راحت کاری کی نگرانی کے لئے یہاں بھیج دیا تھا اور موت کا شکار ہونے والوں کے خاندان کو پانچ لاکھ روپوں کا معاوضہ بھی ادا کر دیا گیا ہے ۔ اب اس کے بعد بھی اگر یہاں کسی کی لاش بازیافت ہوتی ہے تو ان کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کیا جائے گا ۔ ہمارے معاوضہ دینے سے گئی ہوئی جان واپس نہیں لوٹ سکتی ۔ یہ قدرتی آفت کا معاملہ ہے ۔ 
    
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گم شدہ افراد کو ڈھونڈ نکالنے کا کام مسلسل جاری ہے ۔ آرمی ، نیوی اور این ڈی آر ایف کو پہاڑی کھسکنے کے مقام پر ندی کنارے بھی اسکیاننگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ 
    
سدارامیا نے کہا کہ اس حادثے کے لئے چاہے کوئی بھی ذمہ دار ہو، ریسکیو آپریشن مکمل ہوتے ہی اس کے خلاف کٹھن کارروائی ہوگی ۔  انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ راحت کاری مہم میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی ہے ۔  شاہراہ کا کام نامکمل رہتے ہوئے بھی ٹول وصولی کی جا رہی ہے ۔ اس حادثے کے ضمن میں ہم لوگ کوئی سیاست نہیں کر رہے ہیں ۔ ہم لوگ بی جے پی پر الزام لگا کر کیچڑ اچھالنے کا کام نہیں کرتے ۔


Share: